بدایوں،13؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو بی جے پی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے لوگ معاشرے کو بانٹ کر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔اکھلیش نے یہاں اتحاد امیدوار دھرمیندر یادو کی حمایت میں منعقد ایک ریلی میں کہاکہ بی جے پی کے لوگ نفرت کی دیوارپیدا کر رہے ہیں۔جس طرح انگریزوں نے ہم لوگوں کو تقسیم کیا تھا اور راج کیا تھا، اسی طرح بی جے پی کے لوگ معاشرے کو بانٹ کر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ انتخابات نفرت کی دیوار کو گرانے کا الیکشن ہے۔آپس میں بھائی چارہ بڑھانے کا الیکشن ہے۔اتحاد کی اس ریلی میں اکھلیش کے ساتھ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے بھی اسٹیج پر موجود تھیں۔اکھلیش نے کہاکہ یہ انتخابات تاریخی ہے۔یہ صرف لوک سبھا جیتنے کا الیکشن نہیں ہے۔ملک کو نئی سمت میں لے جانے والا الیکشن ہے۔تبدیلی لانے کا الیکشن ہے۔جو غریبوں کی توہین ہوئی ہے، ان کو احترام دلانے کا یہ الیکشن ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کبھی چائے والا بن کر آئے تھے ہمارے درمیان اور اب کہہ رہے ہیں کہ ہم چوکیدار بن کر آ رہے ہیں۔اس بار چوکیدار کی چوکی چھیننے کا کام کرنا ہے۔اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے اکھلیش نے کہاکہ ہمارے بابا وزیر اعلی کے بارے میں (بی ایس پی سپریمو) مایاوتی جی نے بتا دیا کہ انہوں نے بھگوانوں کی بھی ذات بتا دی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا ہر لیڈر ہمارے اور آپ کے بھگوان ہنومان جی کی ذات بتا رہا تھا۔اس بار ان سے بھگوان ناراض ہیں۔یہ بچ نہیں پائیں گے۔ بھگوان ہنومان اپنی گدا لے کر کھڑے ہیں۔